۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شیعہ علماء کونسل پاکستان ۔ ایرانی سفیر سے ملاقات

حوزہ / ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں کہا: پاکستان اور ایران کے مابین بہترین ہمسایہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ زائرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کی۔

وفد میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدور علامہ عارف حسین واحدی، علامہ مظہر عباس علوی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ شامل تھے۔

وفد نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفد نے ایرانی سفیر کو زائرین کے مسائل سے مفصل طور پر آگاہ کیا اور زائرین کے مسائل کے فوری حل کی گذارش کی۔

وفد نے بتایا کہ ویزہ میں تاخیر سے اربعین میں زائرین مشکلات کا شکار رہے اور اب بھی سرحدوں پر زائرین کی ایک بڑی تعداد وطن واپسی اور ایران داخلے میں مشکلات سے دوچار ہے۔

انہوں نے ان مشکلات کی تفصیلات سے سفیر محترم کو آگاہ کیا جبکہ وفد نے ایرانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی اسناد کو پاکستان کی یونیورسٹیز میں بھی متوازی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے بہترین دوستانہ و برادرانہ تعلقات کی بنا پر پاکستانی زائرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا: دونوں ہمسایہ ممالک میں ثقافتی، مذہبی، عوامی، دوستانہ اور برادرانہ مضبوط روابط قائم ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے آئندہ اربعین کے حوالے سے زائرین کے مسائل کے حل اور ویزہ پالیسی کو پاکستانی زائرین کے لیے آسان بنانے سے متعلق بھی اقدامات کرنے کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طالب علموں کے لیے تعلیمی مواقع کو بھی آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹیز کے ان طالب علموں کی اسناد کو بھی پاکستانی یونیورسٹیوں میں متوازی حیثیت دلانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس معاملے کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .